میونخ،12فروری(ایجنسی) عالمی طاقتوں نے شام میں جنگی کارروائیاں روکنے اور محصور شہروں اور قصبوں میں انسانی امداد بہم پہنچانے سے اتفاق کیا ہے مگر وہ مکمل جنگ بندی یا روس کی فضائی بمباری رکوانے میں ناکام رہی ہیں۔
جرمن شہر میونخ میں شام رابطہ گروپ میں شامل سترہ ممالک نے جنگ زدہ ملک کے متحارب فریقوں میں امن مذاکرات کی بحالی کے
حوالے سے کئی گھنٹے تک غور کیا ہے۔امریکا اور روس سمیت ان ممالک نے ایک مرتبہ پھر شرائط پوری ہونے کی صورت میں شام میں سیاسی انتقال اقتدار کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے میونخ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ''ابھی صرف کاغذ کی حد تک وعدے کیے گئے ہیں۔ہمیں تو آیندہ چند روز میں برسرزمین اقدامات درکار ہیں۔سیاسی انتقال اقتدار کے بغیر امن کا حصول ممکن نہیں ہوگا''۔